اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ایران و روس کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کے جامع معاہدے پر روشنی ڈالتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس معاہدے کی نوعیت بنیادی طور پر اقتصادی ہے جس میں تمام اقتصادی شعبوں کو شامل کیا گیا ہے۔ سید عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ اس معاہدے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، نقل و حمل، توانائی اور اقتصادی میدان میں باہمی تعاون کی توسیع پر توجہ دی گئی ہے۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے تاکید کی کہ یہ معاہدہ معاشی شعبے کے ساتھ ساتھ ثقافتی، عملی تعاون، عدالتی و قانونی تعاون اور پارلیمانی رابطوں سمیت باہمی تعلقات کے تقریباً تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے اور اس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات میں جامع توسیع شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں فراہم ہونے والی اس بنیاد کے ذریعے، اب ایران و روس اقتصادی، ثقافتی و سیاسی تعلقات میں توسیع کے حوالے سے مزید آسانی و بہتری کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ اس حوالے سے اپنی گفتگو کے آخر میں سید عباس عراقچی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران و روس کے باہمی تعلقات اب تک اچھے رہے ہیں اور آئندہ مزید اچھے ہوں گے۔