اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں مسلم اکثریت کو بڑے پیمانے پر اپنے بقا کے خطرے کا سامنا ہے کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی بھارتی حکومت علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی ایک منصوبہ بند سازش پر عمل پیرا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ یہ وہی پالیسی ہے جو اسررائیل نے فلسطین میں اپنا رکھی ہے۔ بھارتی حکومت نے اگست 2019ء میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد کشمیر کے ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی لائی اور وہ اب تک لاکھوں غیر کشمیری بھارتی ہندوﺅں کو یہاں کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس دے چکی ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بنیادی مقصد ہی کشمیریوں سے ان کی پہنچان اور شناخت چھیننا اور یہاں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت عالمی سطح پر تسلیم شدہ متازعہ خطے میں عالمی قوانین اور اصول و ضوابط کی صریح خلاف ورزیاں کر رہی ہے، بھارتی اقدامات کا مقصد علاقے پر اپنے غیر قانونی قبضے کو دوام بخشنا ہے اور کشمیریوں کو اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانا ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں نے کہا کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں غیر قانونی بھارتی اقدامات کا نوٹس لے، اسے یہاں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے سے روکے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دلانے کے لیے اس پر دباﺅ ڈالے۔