اسلام ٹائمز۔ پی ٹی آئی کے سپورٹر گلفام حسین کیانی کو سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم نواز شریف اور فیملی کے دیگر افراد کو جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ گلفام حسین نے شریف برادران کو قتل کرنے اور ان کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ گلفام حسین نے مختلف لائیو ویڈیوز میں ایون فیلڈ اور شہباز شریف کے فلیٹ کے دروازوں پر پتھر پھینکے اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیں۔ گرفتار ہونیوالے گلفام حسین نے شہباز شریف اور نواز شریف کو لندن کی سڑکوں پر گھسیٹنے کا اعلان کیا، مسلم لیگ نون برطانیہ کے راہنما خرم بٹ نے شواہد اکٹھے کرکے پولیس کو جمع کروائے۔
پولیس نے شواہد کی بنیاد پر گلفام کیانی کو گرفتار کیا، پولیس کی طرف سے نام ظاہر کیے بغیر گرفتاری کی تصدیق کر دی گئی۔ خرم بٹ نے کہا کہ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ میری شکایت پر یہ گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ میں نے پولیس کو بتایا تھا کہ گلفام شریف فیملی کے ممبرز کو جان سے مارنا چاہتا ہے۔ نون لیگی راہنما خرم بٹ نے کہا کہ میری شکایت پر پولیس اس معاملہ کو کئی ماہ سے دیکھ رہی تھی۔ گلفام حسین کے ذرائع کے مطابق گلفام حسین کا فون اس وقت بند ہے، ان سے رابطہ نہیں ہو رہا، ذرائع کا کہنا ہے کہ گلفام حسین نے کبھی قانون ہاتھ میں نہیں لیا۔