اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں پانی کے ٹینک سے ملنے والی کمسن صارم کی لاش کا عباسی شہید اسپتال میں پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا۔ اس حوالے سے پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم کے دوران بچے کے جسم کے مختلف حصوں پر زخموں کے نشانات پائے گئے ہیں۔ پوسٹ مارٹم کے دوران تمام ضروری نمونے حاصل کیے گئے ہیں، تاہم کمسن صارم کی حتمی وجہ موت کا تعین کیمیکل ایگزامن رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔ واضح رہے کہ کراچی کے علاقے نارتھ کراچی کا رہائشی 7 سالہ صارم 11 روز قبل پُراسرار طور پر لاپتہ ہوا تھا، پولیس اور اہلخانہ اس کی بازیابی کیلئے کوششیں کر رہے تھے، ننھے صارم کی لاش گھر کے قریب زیر زمین ٹینک سے برآمد ہوئی۔