اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے بارے میں واضح اور دو ٹوک فیصلے کا وقت آ پہنچا ہے، مزید تاخیر بہت مہنگی پڑے گی۔
ایک بیان میں عرفان صدیقی نے کہا کہ آج یا کل فیصلہ کرنا پڑے گا کہ کیا بدامنی، لاقانونیت، فتنہ و فساد، قتل و غارت گری اور پاکستان مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا گروہ سیاسی جماعت کہلانے کا حق رکھتا ہے؟۔ نجی ٹی وی کے مطابق عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 77 سال کی تاریخ میں کون سی ایسی جماعت ہے جس نے صوبائی طاقت کے ذریعے وفاق پر لشکر کشی کی ہو؟۔ انہوں نے کہا کہ کون سی ایسی جماعت ہے جس نے فائرنگ کی ہو، آنسو گیس پھینکی ہو، نصف درجن اہلکاروں کو قتل اور سیکڑوں کو زخمی کر دیا ہو؟۔ لیگی سینیٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی 9 مئی کے بعد سیاسی نہیں رہی تھی لیکن اسے لمبی ڈھیل دی گئی۔