اسلام ٹائمز۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے پورے صوبے میں تین دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی۔ دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ پنجاب میں ہر قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکومت پنجاب نے صوبے میں 3 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی ہے۔ پابندی کا اطلاق ہفتہ 23 نومبر سے سوموار 25 نومبر تک ہو گا، کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے 18ویں اجلاس میں دفعہ 144 کے نفاذ کی سفارش کی گئی تھی۔
محکمہ داخلہ کے حکام کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے کیا گیا۔ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی جلوس دہشتگردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔ شرپسند عناصر عوامی اجتماع کی آڑ میں ریاست مخالف سرگرمیوں سے اپنے مذموم مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔ محکمہ داخلہ نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔