اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی گلگت بلتستان سعدیہ دانش کی جانب سے خیبرپختونخواہ کے ضلع کُرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کی شدید مذمت۔ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ معصوم شہریوں کو بے دردی سے قتل کرنا ظلم اور بربریت کی انتہا ہے۔ ایک بیان میں سعدیہ دانش نے کہا کہ ایک سو تین بے گناہ مسافروں کو شہید کرنے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں ہیں۔ معصوم بچوں اور خواتین کو بھی شہید کرنا تاریخ کی بدترین دہشتگردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان دہشتگردوں کو نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی معصوم کا خون ناحق نہ بہا سکیں۔ دہشتگردی کے اس واقعے نے آج بہت سے گھروں کے چراغ گل کر دیئے جس پر جتنا بھی افسوس اور مذمت کی جائے کم ہے۔ ملک میں دہشتگردی کا یہ ناسور ہزاروں معصوم جانیں لے چکا ہے۔ دہشتگردی میں شہید ہونے والے شہریوں کے خاندانوں کو تعزیت اور تسلیت پیش کرتے ہیں۔ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالٰی شہداء کو جنت الفردوس میں اعلی مقام زخمیوں کو جلد شفایابی اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔