0
Friday 27 Sep 2024 01:36

حزب اللہ کی کامیابیاں پوری اسلامی دنیا کی کامیابیاں ہیں، قائد انصاراللہ یمن

حزب اللہ کی کامیابیاں پوری اسلامی دنیا کی کامیابیاں ہیں، قائد انصاراللہ یمن
اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق انصاراللہ یمن کے قائد سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ لبنان پر صیہونی جارحیت کے وہی اہداف ہیں جو غزہ پر جارحیت کے تھے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں غاصب صیہونی رژیم کے مجرمانہ اقدامات انتہائی سنگین ہیں جن کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی جبکہ یہ رژیم جنگ کے مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ صیہونی حکمران اپنے یرغمالی واپس نہیں لوٹا سکے اور غزہ میں فلسطینی مجاہدین کو ختم کرنے میں بھی ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے غزہ پر جارحیت کر کے ایسی دلدل میں قدم رکھا ہے جہاں روزانہ جانی اور مالی نقصان برداشت کر رہے ہیں۔ سید بدرالدین عبدالملک الحوثی نے کہا کہ صیہونی حکمران تمام تر جرائم اور وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے اور فلسطینیوں کو بھوک کا شکار کر کے بھی اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں جبکہ انہیں امریکہ کا بھرپور تعاون بھی حاصل رہا ہے۔ انصاراللہ یمن کے سربراہ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے بارے میں عرب حکمرانوں کی سستی اور ذلت تاریخی ہے لیکن اس کے باوجود فلسطینی قوم بدستور ثابت قدم اور استوار ہے۔ صیہونی دشمن نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھی ہوئی ہے اور اصل میں شہداء اور لاپتہ افراد کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے جس کا اعلان کیا گیا ہے۔
 
سید بدرالدین الحوثی نے کہا: "صیہونی گروہ ہمیشہ سے مسجد اقصی کی بے حرمتی کرتے آئے ہیں اور وہاں جا کر رقص کی محفلیں برپا کرتے ہیں اور یوں اسلام اور مسلمانوں کی توہین کرتے ہیں۔ مغربی کنارے میں صیہونی آبادکاروں کے ہر روز انجام پانے والے جرائم میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "غاصب صیہونیوں کے خلاف انجام پانے والی مزاحمتی کاروائیوں کا تسلسل ظاہر کرتا ہے کہ حماس کا فوجی شعبہ القسام بریگیڈز اب بھی سرگرم عمل ہے اور اس نے اپنی جارحانہ طاقت میں اضافہ کیا ہے۔" انصاراللہ یمن کے سربراہ نے لبنان پر صیہونی رژیم کی فوجی جارحیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: "صیہونی دشمن نے اس جارحیت کے ذریعے وہی مجرمانہ طریقہ کار لبنان کے خلاف اپنایا ہے جو گذشتہ ایک سال سے غزہ میں اپنا رکھا ہے لیکن اس کے باوجود غزہ کی حمایت میں حزب اللہ لبنان کا کردار زیادہ مضبوط اور موثر ہو گیا ہے۔" سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے صیہونی دشمن کے مقابلے میں حزب اللہ لبنان کے کردار کو بنیادی اور مرکزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ لبنان کی کامیابیاں پوری امت مسلمہ کی کامیابیاں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا: "خداوند متعال کے کرم سے حزب اللہ لبنان نے اس وقت بھی صیہونی رژیم کو شدید شکست سے دوچار کیا تھا جب اس کے پاس آج جتنا فوجی سازوسامان اور افرادی قوت نہیں تھی۔"
 
انصاراللہ یمن کے سربراہ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ صیہونی دشمن کی جانب سے لبنان پر فوجی جارحیت کا مقصد حزب اللہ کو غزہ کی حمایت سے روکنا ہے کہا: "یہ مقصد ہر گز پورا نہیں ہو گا کیونکہ غزہ کی حمایت پر حزب اللہ لبنان کا موقف مذہبی، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر استوار ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ لبنان کے قومی مفادات کے حق میں بھی ہے کیونکہ اگر صیہونی دشمن غزہ میں مطلوبہ جنگی مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یقیناً اس کے بعد لبنان کا رخ کرے گا اور اسے اپنی جارحیت کا نشانہ بنائے گا۔" سید بدرالدین الحوثی نے کہا کہ صیہونی دشمن انتہائی کینہ تورز اور لالچی ہے اور لبنان پر اس کی جارحیت کی تاریخ واضح ہے۔ انہوں نے کہا: "لبنان اور فلسطین کے مجاہدین نے اپنے نظریات کی بنیاد ایمان پر استوار کر رکھی ہے اور حق کے محاذ پر اپنی جہادی اور مقدس ذمہ داری انجام دینے میں مصروف ہیں۔ امت مسلمہ کو جو خطرہ درپیش ہے وہ دشمنوں کے سامنے ذلت، خواری اور سرتسلیم خم ہو کر کمزور ہو جانا ہے۔" انہوں نے کہا: "تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ امت مسلمہ کی ذلت نے اسے بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے جبکہ حزب اللہ لبنان کے ماضی کے تجربات سے ثابت ہو چکا ہے کہ دشمن کو ذلیل کرنے والی عظیم کامیابیاں صرف جہاد اور صبر کے ذریعے ہی حاصل ہو سکتی ہیں۔"
خبر کا کوڈ : 1162729
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش