0
Saturday 21 Sep 2024 08:24

تحریک انصاف کو سخت شرائط کیساتھ جلسے کی اجازت مل گئی

تحریک انصاف کو سخت شرائط کیساتھ جلسے کی اجازت مل گئی
اسلام ٹائمز۔ لاہورکی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو کاہنہ میں رنگ روڈ پر جلسے کی اجازت دیدی۔ ضلعی انتظامیہ نے 43 شرائط و ضوابط کیساتھ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دی ہے اور ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور جلسے  کا وقت 3 بجے سے 6 بجے تک ہو گا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ منتظمین اسٹیج، خواتین اور مردوں کے انکلوژر کی سیکیورٹی  یقینی بنائیں گے اور بھگدڑ روکنے اور مناسب پارکنگ کا انتظام پرائیویٹ سیکیورٹی اور رضاکاروں کے ذریعے یقینی بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا 8 ستمبرکو اسلام آباد میں کی گئی تقریر پر معافی مانگیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر سے باہر سے آنیوالے جتھے روزمرہ کے معمولات میں خلل نہیں ڈالیں گے اور جلسے کے دوران ریاست یا اداروں کیخلاف نعرے یا بیان نہیں دیئے جائیں گے۔

شرائط میں شامل ہے کہ کوئی اشتہاری مجرم جلسے میں شرکت یا اسٹیج پر نظر نہیں آئے گا، بصورت دیگر اشتہاری مجرم کی گرفتاری میں تعاون جلسہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہوگی اور ناکامی کی صورت میں انتظامیہ پر معاونت کا مقدمہ درج ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جلسے میں کوئی افغان پرچم نہیں لہرایا جائے گا، جلسہ منتظمین فوکل پرسنز نامزد کریں گے، متعلقہ سپرنٹنڈنٹ پولیس اور ایس پی ٹریفک پولیس سے فوکل پرسن رابطہ کریں گے۔ شرائط میں شامل ہے کہ منتظمین ایس پی ماڈل ٹاؤن اور ایس پی سیکیورٹی لاہور سے تعاون کریں گے، ٹریفک پولیس جلسے کیلئے تفصیلی ٹریفک پلان اور ایڈوائزری جاری کرے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق منتظمین ضلعی پولیس کیساتھ لاہور رنگ روڈ اور کاہنہ میں خاردار تار نصب کریں گے اور جلسے کے گرد بیرونی دیوار پر خاردار تار اور قنات نصب کریں گے۔ شرائط میں شامل ہے کہ کسی کو بھی زبردستی اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا، کسی کو  بھی ڈنڈے لیکر جلسے کے مقام پر داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، اسلحے کی نمائش سختی سے منع ہوگی اور آتش بازی کا استعمال نہیں کیا جائیگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اشتعال انگیز/گستاخانہ نعرے لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت یا کسی ملک سے تعلق رکھنے والے فرد کا پتلا یا جھنڈا جلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ  جلسے کے احاطے اور اردگرد کا سکیورٹی انتظام منتظمین کی ذمہ داری ہوگی، کسی بھی ناگہانی واقعے کی صورت میں منتظمین کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مجموعی سکیورٹی صورتحال اور مختلف ذرائع سے موصول ہونیوالے خطرے کی اطلاعات کے پیش نظر، منتظمین کو دوبارہ خبردار کیا جاتا ہے کہ شرکاء اور عوام کی حفاظت کیلئے جلسے کے مقام کے اندر اور باہر تمام ضروری احتیاطی تدابیر کریں۔
خبر کا کوڈ : 1161368
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش