0
Monday 23 Sep 2024 20:29

کارساز حادثہ کیس میں تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت تک چالان پیش کرنے کی مہلت

کارساز حادثہ کیس میں تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت تک چالان پیش کرنے کی مہلت
اسلام ٹائمز۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کراچی میں کارساز حادثہ کیس میں ملزمہ نتاشہ کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگائی گئی جبکہ عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت تک چالان پیش کرنے کی مہلت دے دی۔ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ شدید بیماری کے باعث حتمی چالان مکمل نہیں کیا جا سکا، 14دن کی مہلت دی جائے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت تک چالان پیش کرنے کی مہلت دے دی اور کیس کی مزید سماعت 28 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ 13 ستمبر کو کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ دانش کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر راہ گیروں پر چڑھ دوڑی تھی، حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے گاڑی چلانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار عمران عارف اور اس کی بیٹی آمنہ جاں بحق جب کہ 4 شہری شدید زخمی ہوئے تھے۔ 21 اگست کو سٹی کورٹ کراچی نے کار ساز ٹریفک حادثے کے کیس میں ملزمہ نتاشا کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، واقعے میں باپ اور بیٹی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے۔

23 اگست کو کارساز سروس روڈ حادثے کی نئی فوٹیج سامنے آگئی تھی جس میں پتا چلا کہ خاتون نے اسی روڈ پر پہلے ایک سفید رنگ کی کرولا گاڑی اور ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر فرار ہونے کی کوشش کے دوران ایک اور موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو روند ڈالا۔ 29 اگست کو کراچی میں کارساز سروس روڈ ٹریفک حادثے کے کیس میں تفتیشی حکام نے مقدمے میں مزید دفعات شامل کرنے کے لیے قانونی مشاروت شروع کردی تھی جب کہ 28 اگست کو کراچی میں کارساز روڈ حادثے کی ملزمہ نتاشہ دانش کی میڈیکل رپورٹ تفتیشی حکام کو موصول ہوگئی تھی، پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ یورین رپورٹ میں ملزمہ کے آئس استعمال کرنے کے شواہد ملے ہیں۔

31 اگست کو کراچی میں کارساز سروس روڈ ٹریفک حادثے کے کیس میں مرکزی ملزمہ نتاشا دانش پر منشیات استعمال کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ 4 ستمبر کو کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کارساز حادثہ کیس میں مرکزی ملزمہ نتاشا کے شوہر دانش اقبال کی عبوری ضمانت منظور کرلی تھی جب کہ ملزمہ کی درخواست ضمانت پر فریقین سے جواب طلب کیا تھا۔ 6 ستمبر کو کراچی کی مقامی عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ کی ایک لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی تھی جب کہ منشیات ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 1161904
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش