اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کوئٹہ کے رہنماء محمد رحیم کاکڑ نے کہا ہے کہ راتوں رات انتخابات کے نتائج تبدیل کئے گئے۔ دو خاندان ایک بار پھر ملک کی بربادی کے لئے اکھٹے ہو گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انکا کہنا تھا کہ جب تک ملک میں عوامی رائے کا احترام نہیں ہوتا ہم کسی بھی ترقی کی توقع نہیں کر سکتے۔ راتوں رات الیکشن کے نتائج تبدیل کر دیئے گئے۔ جس طرح حکمرانوں اور خاندانی سیاستدانوں نے ملک کو برباد کر دیا ہے۔ ایک بار پھر دو خاندانوں کے افراد ملک کی تباہی اور بربادی کی منصوبہ بندی کیلئے اکھٹے ہو رہے ہیں۔ ملک جو کہ پہلے ہی معاشی، سماجی، سفارتی طور سے تباہ حال ہے، اسے مزید بربادی کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔ ان چوروں کے خلاف 8 فروری کو عوام نے فیصلہ دیا، مگر عوام کے فیصلے کے برعکس ان کو دوبارہ مسلط کیا جارہا ہے۔ اس سے مشرقی پاکستان والا سلسلہ شروع ہوگا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے عوامی نمائندوں کو سامنے لایا جائے اور عمران خان کی سربراہی میں فوری طور سے حکومت تشکیل دینے کے راہیں ہموار کی جائے۔