اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین برطانیہ کے مسئول حجت الاسلام والمسلمین ملک ابرار حسین حسینی نے وفد کے ہمراہ مشہد مقدس میں واقع ایم ڈبلیو ایم کے دفتر کا دورہ کیا۔ ایم ڈبلیو ایم مشہد مقدس کے مسئول حجۃ الاسلام والمسلمین آقای عقیل حسین خان نے اپنی کابینہ کے ہمراہ استقبال کیا۔ ملاقات میں مسلمانوں کی عالمی صورتحال پر بالخصوص فلسطین پر ہونے والے ظلم پر تبادلہ خیال ہوا اور فلسطین کے مظلوموں کی مکمل تائید اور صیہونی ظلم و بربریت کے خلاف ایک بیان جاری کیا گیا۔ بیان میں صدر مجلس وحدت مسلمین مشھد حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا عقیل حسین خان نے فلسطین کے حق میں اسلام آباد میں ہونے والے آزادی مارچ کو سراہا اور اس کی مکمل تائید کی۔
اس موقع پر برطانیہ کے مجلس وحدت کے مسئول حجت الاسلام ابرار حسینی نے اپنے بیان میں کہا کہ آج تمام انسانی حقوق کی تنظیمیں فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم پر سراپا احتجاج ہیں۔ درحقیقت ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا ہی انسانیت کی آواز ہے، جس کیلیے پاکستانی عوام نے ہر موقع پر فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم مشھد کے بیانیے میں فلسطینی مظلوموں پر ہر روز بڑھتے ہوئے انسانیت سوز ظلم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور عرب حکومتوں کی خاموشی کو انتہائی افسوسناک قرار دیا گیا۔ ایم ڈبلیو ایم مشھد کے صدر حجت الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان کے ہمراہ نائب صدر حجۃ الاسلام آزاد حسین، سیاسی امور کے مسئول حجۃ الاسلام والمسلمین عارف حسین اور دیگر موجود تھے۔