0
Wednesday 13 Sep 2023 20:24

حزب اختلاف کی رابطہ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لئے گئے

حزب اختلاف کی رابطہ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لئے گئے
اسلام ٹائمز۔ پارلیمانی انتخاب کے پیش نظر متحد ہوئی اپوزیشن پارٹیوں کا اتحاد ’انڈیا‘ مودی حکومت کے خلاف پوری طرح سرگرم دکھائی دے رہا ہے۔ آج اس اتحاد کی کوآرڈنیشن کمیٹی (رابطہ کمیٹی) کی پہلی میٹنگ این سی پی چیف شرد پوار کے دہلی واقع گھر پر ہوئی۔ اس میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لئے گئے جن میں سے ایک سبھی ریاستوں میں مشترکہ اجلاس منعقد کیے جانے کا بھی ہے۔ یعنی 14 رکنی رابطہ کمیٹی نے مشترکہ اجلاس پر مہر لگا دی ہے، لیکن یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ یہ اجلاس کب کب اور کہاں کہاں منعقد ہونے ہیں۔

آج رابطہ کمیٹی کی ہوئی میٹنگ کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے میڈیا کو سیٹوں کی تقسیم سے متعلق انتہائی اہم جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ کوآرڈنیشن کمیٹی نے سیٹوں کی تقسیم کے لئے سرگرمی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میٹنگ میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ ساتھی پارٹیاں بات چیت کر کے جلد از جلد کوئی فیصلہ لیں گی۔ رابطہ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد کانگریس کے آفیشیل ایکس ہینڈل سے بھی کچھ اہم جانکاریاں دی گئی ہیں۔ پوسٹ میں کے سی وینوگوپال کا بیان دیا گیا ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ رابطہ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں 12 پارٹیوں کے اراکین نے شرکت کی۔ کمیٹی نے ملک کے مختلف حصوں میں مشترکہ اجلاس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلا عوامی جلسہ اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں بھوپال میں منعقد ہوگا۔

کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ ہم بی جے پی کے دور حکومت میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی جیسے مسائل اٹھائیں گے۔ سبھی پارٹیوں نے ذات پر مبنی مردم شماری کا معاملہ اٹھانے پر بھی اتفاق ظاہر کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ نے ممبئی میں ہوئی میٹنگ کے دوران 14 رکنی رابطہ کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔ ترنمول کانگریس کے ابھشیک بنرجی اس میٹنگ میں شامل نہیں ہوئے کیونکہ ای ڈی نے آج انھیں ایک معاملے میں پیش ہونے کے لئے کہا تھا۔ سی پی ایم کا بھی کوئی لیڈر رابطہ کمیٹی کی میٹنگ میں شامل نہیں ہو سکا کیونکہ ابھی تک سی پی ایم نے کمیٹی میں شامل ہونے کے لئے کسی کا نام ہی نہیں بھیجا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1081519
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش