1
Monday 13 Jul 2020 23:57

امریکہ، سین ڈیاگو نیول بیس میں کھڑا جنگی بحری بیڑہ دھماکے سے جل اٹھا

اسلام ٹائمز۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سین ڈیاگو نیول بیس پر موجود امریکی جنگی بحری بیڑہ یو ایس ایس بونہام ریچرڈ (USS Bonhomme Richard (LHD-6)) کھڑے کھڑے دھماکے سے جل اٹھا۔ تفصیلات کے مطابق بحری بیڑے کے عرشے پر متعدد زور دار دھماکے سنے گئے جس کے بعد کشتی کے اندر سے شعلے اور دھواں بلند ہونا شروع ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق 255 میٹر لمبے امریکی جنگی بحری بیڑے پر آگ لگنے کے وقت اس میں 200 افسر و فوجی سوار تھے جنہیں نکال لیا گیا ہے جبکہ 4 غیر فوجی افراد سمیت 21 لوگ اس حادثے میں تاحال زخمی ہوئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس 23 سالہ پرانے بحری بیڑے میں لگی آگ انتہائی تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے بالخصوص جب یہ آگ اس کے اندر موجود 10 لاکھ لٹر سے زائد ایندھن اور دھماکہ خیز اسلحے کے گوداموں تک بھی پھیل جائے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بات کا بھی پورا امکان موجود ہے کہ اس بحری بیڑے کو لگی آگ کئی دن تک جاری رہ کر اسے پانی کی تہہ میں پہنچا دے۔

واضح رہے کہ "یو ایس ایس بونہام ریچرڈ" نامی یہ امریکی جنگی بحری بیڑہ آخری مرتبہ سال 2018ء میں فوجی مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا تھا جبکہ اس کے بعد سے یہ اپنے گھر، سین ڈیاگو نیول بیس میں ہی کھڑا رہا ہے۔ یاد رہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع سین ڈیاگو نیول بیس، بحر اوقیانوس میں امریکہ کی سب سے بڑی نیول بیس ہے جس کے اندر 50 سے زائد بڑے جنگی بحری بیڑے موجود رہتے ہیں۔ سال 1922ء سے کام کرنے والی اس امریکی بیس کے اندر 24 ہزار سے زائد فوجی و 10 ہزار سے زائد غیر فوجی افراد کام کرتے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 874240
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

مربوطہ فائل
ہماری پیشکش