اسلام ٹائمز۔ جامعہ کراچی نے سندھ گورنر ہاؤس میں منعقدہ ایک خصوصی کانووکیشن تقریب میں معروف اسلامی اسکالر اور مقرر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو اعزازی ڈگری (honoris causa) سے نواز دیا ہے۔ اعزازی ڈگری سندھ کے گورنر کامران ٹیسوری نے دی جو جامعہ کراچی کے چانسلر بھی ہیں۔ گورنر نے کہا کہ یہ اعزاز ڈاکٹر نائیک کی خدمات کو اسلام کے لیے تسلیم کرتے ہوئے دیا گیا ہے۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب معروف مبلغ جو حکومت کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر ہیں بطور ریاستی مہمان ملک میں موجود ہیں۔ کانووکیشن کی تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر ٹیسوری نے کہا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اسلام کے مختلف موضوعات پر کئی کامیاب مباحثوں میں حصہ لیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک اپنے مشن کو مکمل لگن اور وابستگی کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ تقریب میں مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی، مفتی عبد الرحیم، مختلف شعبوں کے ڈینز اور سینئر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اعزازی ڈگری کی منظوری جامعہ کراچی کی سنڈیکیٹ کی ایک خصوصی میٹنگ کے بعد دی گئی، جس میں جامعہ کراچی کی فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز میں ڈاکٹر آف فلاسفی کی اعزازی ڈگری دینے کی منظوری دی گئی۔