اسلام ٹائمز۔ بھارت میں عالمی وباء کورونا وائرس کے ایک دن میں ریکارڈ 6088 نئے کیس سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی مجموعی تعداد 118447 تک پہنچ گئی ہے تاہم راحت کی بات یہ ہے کہ اس دوران 3000 سے زائد لوگوں نے اس انفیکشن سے نجات بھی پائی۔ صحت اور خاندانی بہبود کی بھارتی وزارت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 6088 نئے کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 118447 تک پہنچ گئی۔ بھارت میں کل فعال کیسز 66330 ہیں۔ اس سے ایک دن پہلے 5609 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔
بھارت میں کووڈ 19 سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 148 افراد کی موت کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3583 ہوگئی ہے۔ انفیکشن کے بڑھتے معاملات کے درمیان اس وباء سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3234 لوگ اس وباء سے آزاد ہوئے ہیں جس سے صحتیاب ہوئے لوگوں کی کل تعداد 48533 ہوگئی ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر ہے جہاں کل وائرس کے کیسز میں ایک تہائی سے زیادہ حصہ یہیں کا ہے۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2345 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 41642 ہوگئی ہے جبکہ 1454 افراد کی موت ہوچکی ہے اور 11726 لوگ اس انفیکشن سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔