اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں دانش اسکولوں کا جال بچھانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ غریب آدمی تعلیم کے مہنگے اخراجات برداشت نہیں کر سکتا۔ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے ڈسٹرکٹ بھمبھر میں دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب ہوئی، جس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش اسکول کا قیام خوش آئند ہے، دانش اسکول نہ ہوتے تو ہونہار بچے اور بچیاں آج گلیوں کی دھول میں گم ہو جاتے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیرمیں دانش اسکولوں کا جال بچھا دیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غریب آدمی تعلیم کے مہنگے اخراجات برداشت نہیں کر سکتا اس لیے دانش اسکول کے تمام اخراجات وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ وادی نہتے کشمیریوں کے خون سے سرخ ہو چکی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور وہاں کے عوام کی اخلاقی مدد کرتے رہیں گے، عوام کی دعائیں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ضرور آزاد ہو گا اور کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آرمی چیف کی کشمیریوں سے وابستگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کم ترین سطح پر آ گئی ہے جبکہ ایکسپورٹ بڑھ گئی جس سے معیشت مستحکم ہو رہی ہے، شرح سود میں مزید کمی ہو سکتی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت تحریک آزادی کشمیر کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت آل پارٹیز حریت کانفرنس کے ساتھ ایک پلیٹ فارم پر متحد ہے۔ وزیراعظم انوار الحق نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پروپیگنڈے کا سہارا لے رہا ہے۔تقریب میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ امور خالد مقبول صدیقی، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وزرا، ارکان آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر کے رہنما موجود تھے۔