اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہے، قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ پاکستان کی اصل منزل ہے، 77برسوں سے ملک پر مسلط رہنے والے نام نہاد جمہوری و فوجی حکمرانوں نے طاغوتی قوتوں کی اطاعت و فرمانبرداری کرتے ہوئے نفاذ اسلام کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان میں خیر کا باعث بننے والی تحریک ہے، حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ترویج کرتے ہوئے عوام الناس کی بے لوث کی خدمت جماعت اسلامی کا نصب العین ہے، جماعت اسلامی کی امانت، دیانت، خدمت خلق، آئین و قانون کی پاس داری، امت مسلمہ کے لیے درد مشترک والے اقدامات کی پوری دنیا معترف ہے اور یہی جماعت اسلامی کا طرہء امتیاز ہے۔
امیر العظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی ایوانوں میں دین اسلام کے دروازے کھولنا چاہتی ہے تاکہ عوام اپنے آئینی، قانونی، سماجی، معاشی، معاشرتی مسائل کو حل ہوتے دیکھیں۔ انھوں نے کہا کہ سودی نظام پاکستان کی اقتصادی تباہی کا پیمانہ ہے، حکومت وفاقی شرعی عدالت اور سپریم کورٹ کے سودی نظام کے خاتمہ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کر رہی۔ معیشت کی بحالی سودی نظام کے خاتمے سے ہی ممکن ہے۔