اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مذاکرات پہلی بار نہیں ہو رہے، پی ٹی آئی سے میٹنگ میں کچھ چھین تو نہیں لیں گے، ہم جواب دینا چاہتے ہیں اور آپ تیار نہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ہمیں بھی معلوم تھا کہ پی ٹی آئی کے کیا مطالبات آنے والے ہیں، معلوم ہونے کے باوجود ہم نے ان کے مطالبات کا انتظار کیا۔ رہنماء مسلم لیگ نون نے کہا کہ تحریری مطالبات پر سب کمیٹی 2 دن میں جواب تیار کرکے پیش کر دے گی، مذاکرات میں حکم نامہ نہیں ہوتا، بیٹھ کر بات ہوتی ہے، جمہوری سسٹم میں مذاکرات کے سوا کوئی راستہ نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے پر سالہا سال سے گفتگو ہو رہی ہے، آج کسی آدمی کی عزت اور کردار فیک نیوز کی وجہ سے محفوظ نہیں، ناپسندیدہ عناصر کی وجہ سے کروڑوں افراد عذاب جھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیکا ایکٹ میں کون سی جلد بازی کی گئی؟، ایکٹ کیا صحیفہ لکھا جا رہا ہے؟ 20 ترامیم کی ضرورت بھی ہوئی تو ہو جائیں گی، یہ کیسے کہہ رہے ہیں کہ پیکا ایکٹ حکومت مخالف بات دبانے کے لئے ہے۔