اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارت کو باہر سے نہیں بلکہ اندر سے خطرات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق فاروق عبداللہ نے جموں میں پارٹی دفتر میں اپنے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اس پروپیگنڈے کی مذمت کی کہ ہندوئوں کو خطرہ ہے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہ پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے کہ ہندو خطرے میں ہیں۔ میں ان سے پوچھتا ہوں کہ یہ کیسے ممکن ہے جب ہندو پوری آبادی کا 80فیصد ہوں؟ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا پروپیگنڈہ صرف لوگوں میں خوف پیدا کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد جموں کے روزگار کے مواقع باہر سے آنے والوں کو دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ370 نہ صرف کشمیر کے لوگوں کو بلکہ ڈوگرہ لوگوں کو بھی تحفظ فراہم کرنے کے لیے لایا گیا تھا۔ آج یہاں روزگار کے مواقع باہر سے آنے والوں کو مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی دفعہ370 کو منسوخ کرانے کی ذمہ دار ہے۔ میں نے مفتی سعید کو بی جے پی کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، لیکن انہوں نے میری بات نہیں مانی۔