اسلام ٹائمز۔ غزہ کے پولیس ترجمان نے کہا کہ یہ 6,000 اہلکار غزہ کی پٹی میں سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ فارس نیوز کے مطابق انہوں نے الجزیرہ مباشر کو بتایا کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہمارے 1,950 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے ترجمان نے مزید کہا کہ جنگ کے دوران انسانی امداد کی لوٹ مار کرنے والے گروہ، قابض افواج کے ساتھ تعاون کر کے ان کے قریب کے علاقوں میں سرگرم تھے۔ اس فلسطینی اہلکار نے واضح کیا کہ جو لوگ جنگ کے دوران امن کو نقصان پہنچانے اور انسانی امداد کی لوٹ مار میں ملوث تھے، ان کا پیچھا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم عارضی دفاتر اور ابتدائی وسائل کے ساتھ غزہ کے رہائشیوں کی سکیورٹی اور امن قائم کرنے کے لیے کام کریں گے۔ غزہ میں جنگ بندی اتوار کو 471 دنوں کی لڑائی کے بعد شروع ہوئی، اور پہلے مرحلے میں قسام بریگیڈز نے تین اسرائیلی قیدیوں کو اسرائیلی حکومت کے حوالے کیا۔ یہ جنگ بندی معاہدہ اس حال میں ہوا کہ اسرائیلی حکومت اپنے کسی بھی مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکی، جیسے کہ حماس کو ختم کرنا، اسیران کو طاقت کے ذریعے واپس لانا، اور شمالی غزہ کے باشندوں کو وہاں سے نکالنا۔