اسلام ٹائمز۔ چیف سکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان خاص کر بلتستان میں ونٹر ٹورازم کے بڑے مواقع موجود ہیں، آئس ہاکی ٹورنامنٹ کیلنڈر ایونٹ کے طور پر آئندہ ہر ضلع میں منعقد کریں گے۔ کوشش ہو گی کہ یہاں کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروائیں، اس مقصد کیلئے انتظامیہ پوری طرح سے کوشاں ہے۔ سکردو میں جاری آئس ہاکی ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابرار احمد مرزا نے کہا کہ سکردو سیاحتی حب بن گیا ہے، یہاں سرمائی سیاحت کے فروغ کیلئے انتظامیہ اپنی پوری کوشش کرے گی۔ سرمائی سیاحت کا فروغ نہایت ضروری ہے، گلگت بلتستان ہر موسم کے حوالے سے اپنا منفرد مقام رکھتا ہے، یہاں مختلف رنگ دیکھنے کو ملیں گے۔ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں آ رہی ہے جس سے یہاں کی معیشت مستحکم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی کیلئے امن سب سے اہم ہے، الحمد للہ یہاں امن بھی ہے اور سیاحت کے وسیع مواقع بھی موجود ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ لوگ مثبت تبدیلیوں کو ویلکم کریں، روایتی کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔