اسلام ٹائمز۔ لوئر کرم کے علاقوں میں شرپسندوں کیخلاف کارروائیاں تیسرے روز بھی جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع کرم کے متاثرہ علاقوں میں شرپسندوں کے خلاف جاری کارروائیاں کے دوران کرفیو نافذ ہے، لوئر کرم کے متاثرہ علاقوں میں سیکورٹی فورسز اور پولیس کے دستے بھی موجود ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بگن، پستہ ونی اور ملحقہ علاقوں میں کارروائی کی جارہی ہے، بگن ڈاڈ قمر اور ملحقہ قریبی پہاڑوں میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق وسطی کرم کے علاقہ زاڑانہ میں بھی شرپسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق تمام قومی بنکرز کو بھی توڑا جائے گا، ریاست نے کُرم میں شرپسندوں کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے جن سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔