اسلام ٹائمز۔ بین الاقوامی سطح پر تعلیم، فلاح و بہبود، تعمیرات، زراعت سمیت مختلف شعبوں میں کام کرنیوالی امریکہ کی سرکاری این جی او یو ایس ایڈ کو آذربائیجان نے ملک میں کام کرنے سے روک دیا ہے۔ آذربائیجان کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ ادارہ امریکی مفادات کے لئے سرگرم ہے اور ادارے کی سرگرمیاں آذربائیجان کے مفادات سے ٹکراو رکھتی ہیں۔ آذربائیجان کے حکام کا کہنا ہے کہ ہم نے اس ادارے، اس کے مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں اور امریکی امداد سمیت معاہدوں کو ختم کر دیا ہے۔ دوسری جانب یو ایس ایڈ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ آذربائیجان کا یہ اقدام عوامی مفاد کیخلاف ایک مداخلت ہے۔ یو ایس ایڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم آذربائیجان کی خدمت کے لئے اپنے عزم پر قائم ہیں۔
مختلف ممالک میں کام کرنیوالی امریکی سرکاری ایجنسی یو ایس ایڈ کا کہنا ہے کہ ہم تین دہائیوں سے آذربائیجان کے عوام کے لئے صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور خطے میں ترقی اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے سرگرم ہیں۔ واضح رہے یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا تھا جب قرہ باغ پر آذربائیجان نے 2023 کے آخر میں ملکی سلامتی اور بقا کے لئے ایک روزہ آپریشن کیا۔ اس آپریشن کے حوالے سے ردعمل میں یو ایس ایڈ نے موقف اپنایا کہ اس کی وجہ سے ایک لاکھ افراد آرمینیائی پاشندوں کو گھر چھوڑ کر آرمینیا جانا پڑا تھا۔
اسی طرح اس وقت امریکی وزارت خارجہ نے آذربائیجان کے حکام کی جانب سے یو ایس ایڈ کے منصوبوں میں شفافیت نہ ہونیکے الزام میں اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا کچھ نہیں ہے، یو ایس ایڈ کے تمام تر منصوبے عوامی مفاد میں ہیں اور کسی منصوبے میں بدعنوانی سے کام نہیں لیا گیا، نہ ہی غبن یا رشوت ستانی کے الزامات درست ہیں، یو ایس ایڈ دنیا میں ترقی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے سرگرم عمل ہے تاکہ دنیا میں آزادی اور امن و استحکام کو رائج کیا جا سکے۔ ان حالات میں آذربائیجان اور امریکہ کے درمیان تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں، امریکہ کو آذربائیجان میں شہری اور صحافتی ازادیوں پر بھی تشویش ہے۔