اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک ملتان کے نومنتخب ذمہ داران کا اجلاس جامع مسجد جلال باقری میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت صدر جنوبی پنجاب ڈاکٹر عمران مصطفی کھوکھر نے کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عمران مصطفی کھوکھر نے کہا کہ حکومت پاکستان بجلی کے نرخ کم کر کے عوام کو فوری ریلیف دے، آئی پی پیز سے کیے گئے معاہدے محض کرپشن کی بنیاد پر تھے، آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدوں کے بعد بجلی کے نرخ فوری کم کیے جائیں۔ ڈاکٹر عمران مصطفی کھوکھر نے کہا کہ عوام کو بنیادی ضروریات سستی اور بروقت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے جس سے ہماری حکومتیں لاتعلق نظر آتی ہیں، حکومت کے پاس عوام کی خدمت کے علاوہ کوئی کام نہیں ہونا چاہیے لیکن ہماری حکومتیں محض عوام کو لوٹنے اور اپنے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاس اینجلس کی آگ نے امریکہ و اسرائیل کے ہوش ٹھکانے لگا دیے ہیں، اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے، مظلوم فلسطینیوں کی آہیں ناجائز ریاست کے باپ امریکہ کو جلا کر بھسم کر دیں گے، ڈوبتی ہوئی امریکی معیشت کے پیش نظر اسرائیل کو مجبورا اب غزہ میں جنگ بندی کرنی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک دنیا بھر کے مظلوم لوگوں کی آواز ہے اور ہم ہر موقع پر دنیا بھر کے مظلوم عوام کے لیے اواز بلند کرتے رہیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیر اور فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔