اسلام ٹائمز۔ اسد قیصر نے پی ٹی آئی چئیرمین نامزد کیے جانے کی تردید کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا نیا چئیرمین نامزد کیے جانے کی خبروں پر اسد قیصر کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ اسد قیصر کا کہنا ہے کہ مجھے پارٹی چیئرمین نامزد کرنے کی اطلاعات درست نہیں، سیکریٹری جنرل سے متعلق فیصلہ بانی سے مشاورت کے بعد ہوگا۔ جبکہ بیرسٹر علی ظفر نے بھی اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے اسد قیصر کو چیئرمین اور علی محمد خان کو سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کا بیان نہیں دیا، میری آج بانی سے جیل میں کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ جبکہ سلمان اکرم راجہ کے مستعفی ہونے کے حوالے سے روف حسن کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے سلمان اکرم راجہ کا استعفٰی مسترد کر دیا ہے۔