0
Saturday 19 Oct 2024 11:49

بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے، سول سوسائٹی

بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے، سول سوسائٹی
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں تعینات دس لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں نے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق سول سوسائٹی کے کارکنوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سرینگر میں بتایا کہ کشمیری گزشتہ 77برس سے غیر قانونی بھارتی قبضے کا شکار ہیں، قابض بھارتی فورسز کو کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت بے لگام اختیار حاصل ہیں اور وہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت چھیننے کے بعد کشمیریوں پر مظالم کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے، اس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں، بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطرف و اکناف میں جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں نے لوگوں کا جینا دو بھر کر دیا ہے، کشمیریوں کو اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں بڑے پیمانے پر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سول سوسائٹی کے کارکنوں نے کہا کہ بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھارتی ہٹ دھرمی کا نوٹس لے اور اس مسئلے کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے بھارتی قیادت پر دباﺅ ڈالے۔
خبر کا کوڈ : 1167315
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش