0
Saturday 19 Oct 2024 07:55

27 اکتوبر کو مظفر آباد میں احتجاجی ریلی اور جلسہ عام منعقد کیا جائیگا، کشمیر لبریشن سیل

27 اکتوبر کو مظفر آباد میں احتجاجی ریلی اور جلسہ عام منعقد کیا جائیگا، کشمیر لبریشن سیل
اسلام ٹائمز۔ 27 اکتوبر یوم سیاہ کے طور پر منانے کیلئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کی خصوصی ہدایت پر جموں و کشمیر لبریشن سیل نے بھارتی مظالم دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور عالمی برادری کو بھارت کا اصل چہرہ دکھانے کیلئے خصوصی پروگرام ترتیب دیے ہیں۔ ذرائٰع کے مطابق جموں و کشمیر لبریشن سیل کے سیکرٹری مرزا وجاہت رشید بیگ نے کشمیر سنٹر راولپنڈی میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دن مظفرآباد میں ایک بڑی احتجاجی ریلی اور جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ ریلی میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں سمیت وزرا حکومت، طلبا، خواتین، صحافی، وکلا، سیاسی سماجی، مذہبی و تجارتی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندے شرکت کریں گے۔

اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں اجاری انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں خصوصی ڈاکیومنٹریز بھی دکھائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 26 اکتوبر کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے تعاون سے ایک گول میز کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں وفاقی وزرا، حریت قائدین، سینئر میڈیا پرسنز کے علاوہ یونیورسٹیوں کے طلباء شرکت کریں گے جبکہ27 اکتوبر یوم سیاہ کی مناسبت سے دستخطی مہم کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ راولاکوٹ، لاہور، کراچی، میرپور اور آزاد کشمیر کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔کشمیر کلچرل اکیڈمی کے زیر اہتمام مزاحمتی مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا۔

وجاہت رشید بیگ نے کہا کہ آزادکشمیر اور پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات کو تسلیم نہیں کرتے اور یہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کے وعدوں اور جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے باوجود بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں خوف و دہشت کی فضا قائم کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کشمیری عوام 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہیں کہ آج کے دن بھارتی فوج نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں داخل ہو کر کشمیریوں کی امنگوں اور برصغیر کی تقسیم کے منصوبے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وہاں غیر قانونی طور پر قبضہ کر لیا تھا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر راجہ خان افسر خان، سردار ساجد محمود، سردار نجیب الغفور خان، راجہ راشد رضا اور فرحان قیوم عباسی سمیت دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1167287
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش