0
Monday 23 Sep 2024 12:23

چین سے ہمارا رشتہ برادرانہ محبت، باہمی احترام اور غیرمتزلزل اعتماد کا ہے، مریم نواز

چین سے ہمارا رشتہ برادرانہ محبت، باہمی احترام اور غیرمتزلزل اعتماد کا ہے، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نےعوامی جمہوریہ چین کے 75ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں سے ملاقات کی، چین کے قومی دن پر مبارکباد دی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ چین کے 75ویں قومی دن پر پاکستانی عوام کی طرف سے مبارکباد پیش کرتی ہوں، پنجاب کے لوگ چینی بھائیوں اور بہنوں کو نیک خواہشات اور دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں،عوامی جمہوریہ چین کے 75ویں قومی دن کی تقریب میں شرکت باعث فخر ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ چینی قوم نے نہ صرف ترقی اور اختراع کی بلندیوں کو چُھو لیا بلکہ عالمی برادری کی طرف دوستی کا ہاتھ بھی بڑھایا ہے، پاور کوریڈور سے لیکرعام شہریوں کے دلوں تک چین نے گھر کرلیا ہے، چین کی عظمت امن، تعاون اور انسانیت کی بھلائی کے غیرمتزلزل عزم میں مضمر ہے، ہم عظیم چینی قوم کا احترام کرتے ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی اعتماد، احترام اور روشن مستقبل کے مشترکہ ویژن سے منسلک ہے۔
 
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ چین سے ہمارا رشتہ برادرانہ محبت، باہمی احترام اور غیرمتزلزل اعتماد کا ہے، پاک چین تعلقات وقت کی کسوٹی پر جانچے اور پرکھے ہے، برادر ملک چین کی شاندار کامیابیوں کو فخر کیساتھ مناتے ہیں، چین کی کامیابیاں ہمارے لیے بھی حوصلہ افزائی اور قابل تقلید ہیں، ضرورت کی ہر گھڑی میں چین پاکستان کیساتھ کھڑا ہے، دونوں ممالک خوشحالی اور پُرامن مستقبل کی طرف ہاتھ تھام کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ تقریب میں مہمانوں کی شرکت پاک چین تعلقات کے استحکام کی دلیل ہے۔ تقریب میں عوامی جمہوریہ چین اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔ تقریب میں چینی فنکاروں نے روایتی چینی ثقافتی فن کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز، چینی قونصل جنرل اور دیگر نے مل کرعوامی جمہوریہ چین کی75 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا، تقریب میں چینی موسیقی، دھرتی سے محبت کے گیت اور ڈریگن شو بھی پیش کئے گئے، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 1161786
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش