متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں فلاحی ادارہ شائین ہیومینٹی کے ہیلتھ یونٹ وین کا افتتاح کردیا۔ گورنر سندھ نے ہیلتھ یونٹ وین کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر انیشی ایٹوز کے تحت گورنر ہاؤس میں ہیلتھ یونٹ وین کے ذریعے مفت طبی سہولیات اور بیماریوں کی تشخیص یقینی بنائی جائے گی، آئی ٹی طلباء، امید کی گھنٹی پر آنے والے سائلین اور مستحقین کو فوراً طبی سہولت میسر ہوگی۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عوام کی صحت سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور فلاحی ادارے حکومت کا دست بازو ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلاحی خدمات میں شائین ہیومینٹی کا کردار قابل ستائش ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں پچاس ہزار طلباء آئی ٹی کی جدید تعلیم حاصل کر رہے ہیں، گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لئے کھول دئیے ہیں، ابتک لاکھوں افراد گورنر ہاؤس کا دورہ کرچکے ہیں۔