اسلام ٹائمز۔ بھارت کی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے ہفتہ کو مکمل بجٹ پیش کیا۔ نریندر مودی نے کہا کہ یہ بجٹ ایک ایسا بجٹ ہے جو ہر طرف سے روزگار پیدا کرے گا، اس بجٹ میں سیاحت سے روزگار پیدا کیا جائے گا۔ بجٹ 2025 پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ یہ بجٹ ہندوستان کے لئے ایک مضبوط بنیاد رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ کے ذریعے اصلاحات کی جائیں گی، یہ ایک ایسا بجٹ ہے جو ہر ہندوستانی کے خواب کو پورا کرتا ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ یہ بجٹ سرمایہ کاری لائے گا، یہ بجٹ عوام کا ہے، یہ عوام کا بجٹ ہے۔ انہوں نے کہا "اس کے لئے میں نرملا سیتا رمن اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں"۔ نریندر مودی نے کہا کہ آج ملک ترقی اور وراثت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، یہ ایک ایسا بجٹ ہے جس سے چاروں طرف روزگار پیدا ہوگا، اس بجٹ میں سیاحت سے روزگار پیدا کیا جائے گا۔
نریندر مودی نے کہا کہ اس بجٹ میں 12 لاکھ روپے تک کی آمدنی والے لوگوں کو ٹیکس سے چھوٹ دی گئی ہے، اس بجٹ میں کسان کریڈٹ کارڈ کی حد بڑھا کر 5 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کسانوں کے لئے کئی اعلانات کئے گئے ہیں، اس بجٹ سے دیہی معیشت کو فروغ ملے گا۔ نریندر مودی نے کہا کہ یہ ایک ایسا بجٹ ہے جو شہریوں کی جیبیں بھرے گا، اس بجٹ سے خود کفیل ہندوستان کو رفتار ملے گی۔ بجٹ میں متوسط طبقے کا خیال رکھا گیا ہے، اس بجٹ میں اسٹارٹ اپس کے لئے نئے کریڈٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔
نریندر مودی نے کہا کہ عام طور پر بجٹ کا فوکس اس بات پر ہوتا ہے کہ سرکاری خزانہ کیسے بھرا جائے، لیکن یہ بجٹ اس کے بالکل برعکس ہے اس بجٹ سے ملک کے شہریوں کی جیبیں کیسے بھریں گی، ملک کے شہریوں کی بچت کیسے بڑھے گی اور ملک کے شہری ترقی میں کیسے شریک ہوں گے۔ یہ بجٹ اس کی بہت مضبوط بنیاد رکھتا ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ آج کا دن بھارت کی ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی امنگوں کا بجٹ ہے، یہ ایک ایسا بجٹ ہے جو ہر ہندوستانی کے خوابوں کو پورا کرتا ہے، ہم نے نوجوانوں کے لئے بہت سے شعبے کھولے ہیں۔