اسلام ٹائمز۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے آج بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت اور زخمیوں کی عیادت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوست نما دشمن کو ہر حال میں شکست ہوگی۔ ہماری افواج ان دوست نما دشمنوں کو شکست سے دوچار کرے گی۔ پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے آج بلوچستان کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف کو بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان دورے کے موقع پر سینئر سیکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام بھی شریک تھے۔ آرمی چیف نے کمبائن ملٹری ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور جوانوں کی لازوال بہادری پر تعریف کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دورے کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہم ڈبل گیم کھیلنے والوں کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ دوست نما دشمنوں کو ہرحال میں شکست ہوگی۔ مادر وطن کے لئے ہر قیمت چکانے کے لئے تیار ہیں۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہم دشمن کا تعاقب کرتے رہیں گے۔ بیرونی آقاؤں کے سہولت کاروں کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے دوہرے معیار میں مہارت حاصل کی ہوئی ہے۔ یہ شاہ سے کہتے ہیں تیرا گھر لوٹا اور چور سے کہتے ہیں چوری کر، ہماری افواج ان دوست نما دشمنوں کو شکست سے دوچار کرے گی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ وطن دشمن عناصر کا تعاقب کرکے نشانہ بنائیں گے، جب بھی ضرورت پڑی دوست نما دشمن کا تعاقب کرکے خاتمہ کریں گے۔ بلوچستان دورے کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے فوج، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور سیکیورٹی اولین ترجیح ہے۔ فوج بلوچستان میں امن و ترقی کے لئے حکومت کی حمایت جاری رکھے گی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔