اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ نے تمام غیر ملکی امدادی پروگرام عارضی طور پر معطل کر دیئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق معطل کیے گئے پروگراموں میں یوکرین، تائیوان اور اردن کی امداد کا پروگرام بھی شامل ہے۔ یہ امدادی پروگرام ابتدائی طور پر نوے 90 روز کیلئے معطل کیے گئے ہیں، صرف اسرائیل اور مصر کو استثنیٰ حاصل رہے گا۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکا کے تمام سفارتی اور قونصل مشنز کو محکمہ خارجہ کی جانب سے حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ تمام امدادی پروگرام فوری طور پر معطل کر دیں۔ وزیر خارجہ مارکو روبیو ذاتی طور پر اب ان پروگراموں کا جائزہ لے کر ان میں تبدیلی یا مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کریں گے۔ محکمہ خارجہ نے تاحال اس خبر کی تصدیق نہیں کی، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق اس خبر سے امریکی محکمہ خارجہ کے ملازمین میں کھلبلی مچ گئی ہے۔