اسلام ٹائمز۔ پاکستان سات دہائیوں سے زائد عرصے سے کشمیریوں کی آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کر رہا ہے۔ پاکستان کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت مظلوم کشمیریوں کے لیے حوصلے اور تقویت کا باعث ہے۔ ذرائع کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام بھارتی تسلط کے خلاف جدوجہد میں کشمیریوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا نہ صرف ایک اہم فریق ہے بلکہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کا ایک زبردست وکیل و حامی ہے، وہ عالمی فورموں پر کشمیر کاز کی بھرپور وکالت کر رہا ہے اور اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور دیگر بین الاقوامی فورموں پر کشمیریوں کے حق میں بھرپور آواز اٹھاتا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے بھرپور حوصلہ افزائی، ہمت اور طاقت کا باعث ہے۔ مملکت خداداد کی حمایت و تائید سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں اور ان میں یہ احساس پیدا ہوتا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف اپنی لڑائی میں ہرگز تنہا نہیں ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیری پاکستان کے ساتھ والہانہ لگاﺅ رکھتے ہیں اور مملکت خداداد میں شامل ہونا ان کا ایک دیرینہ خواب ہے جو ایک دن ضرور پورا ہو گا۔