اسلام ٹائمز۔ یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ایک وفد نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کرنے کیلئے اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے دفتر کا دورہ کیا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین عبدالقادر کی قیادت میں وفد نے حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر حریت رہنماوں سے ملاقات کی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریشہ دوانیوں اور نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی فورسز کے مظالم کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ گفتگو کے دوران کشمیریوں کی حالت زار کے بارے میں عالمی سطح پر شعور اجاگر کرنے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا۔ یوتھ ایسوسی ایشن کے وفد نے اس موقع پر 26 جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر اسلام آباد میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے ہونے والی والی ”یوم سیاہ ریلی“ میں اپنی بھرپور شرکت کا اعلان کیا۔ عبدالقادر نے کہا کہ یوتھ ایسوسی ایشن آف پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑی ہے جو بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے قربانیوں کی ایک لازول تاریخ رقم کر رہے ہیں۔