اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" کے ترجمان "خلیل الحیہ" نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد شمالی غزہ کے لوگوں کی اپنے گھروں کو واپسی اسرائیل کی شکست کے مترادف ہے کیونکہ صیہونی رژیم کا ایک ہدف فلسطینیوں کو بے گھر کرنا تھا۔ خلیل الحیہ نے ان خیالات کا اظہار شهاب نیوز سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہماری عوام کی بے مثال مقاومت و بہادری نے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کے صیہونی منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگ میں بے بہاء قتل و غارت گری اور جرائم کے باوجود ہمارے لوگوں کا اپنی مٹی سے لگاو فلسطین کے حق میں رہا۔ خلیل الحیہ نے کہا کہ غزہ کی عوام کے مطالبات واضح، روشن اور عادلانہ ہیں۔ یہ ہمارا حق ہے کہ ہم اپنی آزاد کردہ سرزمین میں اپنی حکومت قائم کریں۔ حماس کے ترجمان نے کہا کہ کوئی طاقت ہمارے لوگوں سے آزادی و خودمختاری نہیں چھین سکتی۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی جنگ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایک آزاد ریاست کی تشکیل ہماری عوام کا حق ہے۔