اسلام ٹائمز۔ مالی سال 2024ء میں امریکی اسلحے کی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مالی سال 2024ء میں امریکا نے ریکارڈ 318.7 ارب ڈالر کا اسلحہ برآمد کیا، جو گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں 29 فیصد زیادہ ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024ء میں حکومتی سطح پر دیگر ممالک کو فراہم کیے گئے دفاعی سازوسامان اور خدمات کی مالیت 117.9 ارب ڈالر بنتی ہے، جو گذشتہ مالی سال کے 80.9 ارب ڈالر کے مقابلے میں 45.7 فیصد کا اضافہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024ء میں امریکی اسلحہ ساز کمپنیوں کی جانب سے براہ راست دیگر ممالک کو فروخت کیے جانے والے دفاعی سازوسامان کی مالیت 200.8 ارب ڈالر رہی، جو مالی سال 2023 کے 170.6 ارب ڈالر کے مقابلے میں 23.5 فیصد زیادہ ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی اسلحے کی فروخت میں ہونے والے اضافے کی ایک وجہ مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین کو اسلحہ فراہم کرنے کے بعد اپنے اسلحہ ذخائر کو دوبارہ بھرنا بھی ہے۔