اسلام ٹائمز۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین و تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ آٹھ فروری کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ پورے ملک میں جلسے و جلوس کے ذریعے فسطائی حکومت سے استعفیٰ، آئینی ترمیم کی خاتمے اور عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ آٹھ فروری کے انتخابات پاکستان کی جمہوری تاریخ کے سب سے متنازعہ انتخابات تھے۔ جن میں الیکشن کمیشن جو آئینی طور پر ایک خود مختار ادارہ ہے، کی مکمل خاموش حمایت سے زر اور زور کی بنیاد پر من پسند لوگوں کو نواز کر اور جیتنے والوں کو شکست خوردہ ظاہر کرکے موجودہ فارم 47 کی نام نہاد جعلی حکومت کی تشکیل کی گئی۔ دکھ اس بات کا ہے کہ وہ جماعتیں جو جمہوریت، سیاست اور پارٹی جو ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگاتی تھیں اس گناؤنے جرم میں شریک رہیں۔ بظاہر تو یہ مجرمانہ کھیل ایک فرد یعنی عمران اور ان کی پارٹی کو اقتدار میں آنے سے روکنا تھا، مگر اندرونی فیصلہ یہ تھا اور ہے کہ پاکستان میں آئینی اور جمہوری حکمرانی کو ہمیشہ کے لئے ختم کرکے ایک نام کی جمہوری فسطائی نظام کی حکمرانی قائم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس نام نہاد حکومت کی ایک سالہ حکمرانی اس کا واضح ثبوت ہے۔ اس ایک سال کی حکمرانی میں جس دیدہ دلیری سے متفقہ آئین کے پرخچے اڑائے گئے، منتخب پارلیمان کو جس طریقے سے بے وقعت کیا گیا، عدلیہ کو جس انداز میں آزاد اور صحیح فیصلوں سے روکنے کی روش جاری ہے، عوام کو اُن کے بنیادی انسانی حقوق کے استعمال سے روکنے کا جو انداز 26 نومبر کو اپنایا گیا، یہ سب کچھ اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ پاکستان کے جمہوری عوام، یہاں کے بسنے والے اقوام جمہور کی آزادی، آئین کی پاسداری، عدلیہ کی آزادی اور ایسے پارلیمانی نظام کے بچاؤ کے لئے جس میں صحیح طور پر منتخب پارلیمنٹ ملک کے فیصلے آئین کی رو کے مطابق کرے کہ دفاع کے لئے 8 فروری 2025 کو ایک سیاہ دن کے طور پر منائیں اور ملک کے تمام اضلاع میں پرامن جلسے و جلوس کرکے اس فسطائی نظام کو لپیٹنے کے لئے صف آراء کریں، اور ملک پہ مسلط فسطائی حکومت سے فوری استعفیٰ کے ساتھ ساتھ آئین کی بحالی، 26ویں آئینی ترمیم کے خاتمے اور ملک میں عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کریں۔