اسلام ٹائمز۔ پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے پیکا ایکٹ میں حالیہ ترامیم کو آزادی اظہار پر بد ترین قدغن قرار دیتے ہوئے بھرپور مذمت کی ہے۔ پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر میاں شاہد ندیم کا کہنا ہے کہ آئین پاکستان ہر شہری کو بات کرنے کی آزادی دیتا ہے، مہذب معاشروں میں آوازیں دبانے کا طرزِ عمل ناقابل ِ برداشت تصور کیا جاتا ہے۔ جنرل سیکرٹری قاضی طارق عزیز کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلے سے موجود مذموم ایکٹ میں مزید ظالمانہ ترمیم کرکے آئین ِ پاکستان میں دیئے گئے بنیادی انسانی حقوق کی نفی کی ہے۔ پنجاب یونین آف جرنلسٹس ایسے اقدامات کیخلاف بھرپور احتجاج کرے گی اور کسی بھی صورت آزادی اظہار رائے کو دبانے کی اجازت نہیں دے گی۔ اس سلسلے میں پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے کل مورخہ 23 جنوری بروز جمعرات شام چھ بجے یونین آفس دیال سنگھ مینشن میں ایگزیکٹو کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے، جس کی صدارت سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا محمد عظیم کریں گے۔ اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔