0
Wednesday 22 Jan 2025 20:26

کوئٹہ، ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس کا انعقاد، اہم امور پر گفتگو

کوئٹہ، ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس کا انعقاد، اہم امور پر گفتگو
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کا اہم اجلاس مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ کی زیر صدارت کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسین میثمی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، مرکزی مسلم لیگ کے رہنماء شیخ محمد یعقوب اور جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنماء مولانا سید عقیل انجم قادری و دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کے لئے آواز بلند کی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ملکی معاملات بلوچستان کے ساحل اور وسائل پر بلوچستان کے عوام کا حق تسلیم کیا جائے اور بلوچستان کے وسائل بلوچستان کی تعمیر و ترقی پر خرچ کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کو وفاق سے بہت ساری شکایات ہیں، بلخصوص پانی کی تقسیم، مالیات اور نئے کینالز کے حوالے سے صوبوں کو اعتماد میں لینے کے لئے آئی سی سی کا فی الفور اجلاس طلب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار کے عوام کے راستے بند ہیں اور وہ گزشتہ چار ماہ سے محصور ہو چکے ہیں۔ کرم میں خوراک اور ادویات ناپید ہیں۔ ہم حکومت اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاراچنار کے راستے کھول دیئے جائیں۔ پاراچنار کے شیعہ سنی اکابرین سے ہم اپیل کرتے ہیں کہ وہ معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کریں اور معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور دشمن کی جانب سے فرقہ وارانہ نفرت کو ہوا دینے کی سازش کو ناکام بنا دیں۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے تمام مسالک اور مکاتب فکر کے درمیان اتحاد بین المسلمین اور مذہبی ہمآہنگی کے حوالے سے موثر پلیٹ فارم ہے۔ اتحاد بین المسلمین دینی فریضہ ہے، جبکہ افتراق اور تفرقہ بازی شرعا حرام اور گناہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار کے مظلوم عوام کا محاصرہ ختم کیا جائے اور ضلع کرم میں شیعہ سنی وحدت اور اتحاد بین المسلمین کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کی جانب سے اغوا برائے تاوان اور بدامنی عروج پر ہے۔ لوگ اپنے آپ کو لاوارث اور غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔ اغواء انڈسٹری اور بدامنی کے خلاف ملکی سیاسی اور مذہبی قائدین اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صوبائی انتخابات میں مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صوبائی صدر جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی اور شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر علامہ محمد آصف حسینی صوبائی نائب صدور منتخب ہوئے۔ مجلس وحدت مسلمین کے علامہ ولایت حسین جعفری  صوبائی جوائنٹ سیکرٹری، علامہ سہیل اکبر شیرازی اور مولانا مشتاق عمرانی صوبائی فنانس سیکرٹری، شیعہ علماء کونسل کے علامہ دبیر حسین سیکرٹری اطلاعات، سید رضا اخلاقی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ایم ڈبلیو ایم کے علامہ ذاکر حسین درانی صوبائی رابطہ سیکرٹری منتخب ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 1185934
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش