0
Wednesday 22 Jan 2025 21:23

کوئٹہ، ہیلتھ الائنس اور حکومت بلوچستان کے درمیان مذاکرات کامیاب

کوئٹہ، ہیلتھ الائنس اور حکومت بلوچستان کے درمیان مذاکرات کامیاب
اسلام ٹائمز۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس بلوچستان اور صوبائی حکومت کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے بعد سرکاری ڈاکٹروں نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں اور ڈاکٹروں نے آئندہ ہر قسم کی ہڑتال اور احتجاج سے اجتناب کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔ یہ واضح کیا گیا ہے کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور معزز عدالت عالیہ کے احکامات پر ہر صورت عمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ عام آدمی کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ محکمہ صحت میں جاری اصلاحات وسیع تر عوامی مفاد میں ہیں اور ان کا تسلسل ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کو عوامی خدمت کے مثالی مراکز بنایا جائے گا۔ محکمہ صحت کے وسائل غریب عوام کی امانت ہیں اور ان کے درست استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ آئندہ کسی بھی خلاف قانون ہڑتال یا اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ حکومت اپنی رٹ قائم رکھنے کے لئے پرعزم ہے اور سرکاری ادارے آئین و قوانین کے تحت چلائے جائیں گے۔ بلوچستان حکومت نے طبی عملے کے جائز مطالبات کے حل کے لئے مربوط طریقہ کار اپنانے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان شاہد رند نے کہا کہ عوامی مشکلات کے احساس کے پیش نظر طبی خدمات کی معطلی ناقابل برداشت ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں بلا تعطل طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات حکومت بلوچستان کے عوامی خدمت کے عزم کو اجاگر کرتے ہیں اور صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کی تکمیل کے لئے حکومت کے سنجیدہ ارادے کو ظاہر کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1185939
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش