اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک "جہاد اسلامی" نے کہا کہ ہم
جنین کیمپ میں صیہونی فوج کے ہاتھوں جبری نقل مکانی، تباہی اور وہاں کے باشندوں کے اجتماعی قتل عام کی مذمت کرتے ہیں۔ جہاد اسلامی نے صراحت کے ساتھ کہا کہ ہم مقبوضہ مغربی کنارے کے عوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین، حقوق و مقدسات کا دفاع کریں اور ہر ممکن وسیلے سے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ جہاد اسلامی نے مزید کہ کہ قابض صیہونی رژیم مغربی کنارے میں ہماری عوام کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنا رہی ہے تا کہ اس علاقے کو اسرائیل سے ملا سکے اور مسجد اقصیٰ پر اپنے تسلط پسندانہ منصوبے کو عملی جامہ پہنا سکے۔
جہاد اسلامی نے اس امر کی وضاحت کی کہ ہم "رام الله" میں قائم فلسطینی اتھارٹی اور اس کے سیکورٹی اداروں کو جنین میں ہونے والی صیہونی جارحیت کا ذمہ دار و شریک سمجھتے ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے جنین کیمپ کا 40 روز سے زائد محاصرہ اس بات کا سبب بنا کہ صیہونی رژیم اس کیمپ پر حملہ آور ہو اور مجاہدین کو نشانہ بنائے۔ جہاد اسلامی نے مزید کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ سیکورٹی تعاون پر بہت زیادہ زور صرف قابض رژیم کے مفاد میں ہے جس کی قیمت ہماری عوام کا خون، ان کے حقوق اور مستقبل ہے۔ اس تحریک نے کہا کہ ہم مقاومتی نقطہ نظر پر زور دیتے ہوئے مغربی کنارے میں اپنی عوام سے خواہاں ہیں کہ وہ اپنی سرزمین، حقوق اور مقدسات کے دفاع کے لئے اٹھ کھڑے ہوں۔