اسلام ٹائمز۔ حکومت سنبھالنے کے بعد پہلی دعائیہ تقریب میں شرکت کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ واشنگٹن کے معروف چرچ نیشنل کیتھیڈرل پہنچے، لیکن وہاں انھیں غیر متوقع طور پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دعا کروانے والی چرچ کی بشپ ماریان ایڈگر بڈے نے ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا کہ ہم جنس پرستوں، غریب تارکین وطن اور ٹرانس جینڈرز کے بچوں پر رحم کریں۔ بشپ نے التجا کی کہ ہمارے خدا کے نام پر، ہمارے ملک کے ان لوگوں پر رحم کریں، جو اب خوفزدہ ہیں۔ ٹرانس جینڈرز کے بچوں کی زندگی کا معاملہ بھی ہے۔ چرچ کی بشپ نے تارکین وطن کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اکثر تارکین وطن محنت مزدوری کرتے ہیں۔ ان کا جرائم سے کوئی لینا دینا نہیں۔ بشپ نے کہا یہ تارکین وطن ہمارے پولٹری فارموں، دفاتر کی عمارتوں اور دیگر مقامات کو صاف کرتے ہیں۔ گوشت کی پیکنگ پلانٹس میں مزدوری کرتے ہیں، ریستورانوں میں برتن دھوتے ہیں اور اسپتالوں میں رات کی شفٹوں میں کام کرتے ہیں۔
چرچ کی بشپ نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ان کے پاس سفری دستاویزات نہ ہوں، وہ شہریت نہ حاصل کر پائے ہوں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ جرائم پیشہ ہیں۔ ان کی اکثریت محنتی ہے۔ بشپ بڈے نے غیر دستاویزی تارکین وطن کو ٹیکس دہندہ اور اچھے پڑوسی کے طور پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری برادریوں میں ان لوگوں پر رحم کریں، جن کے بچے ڈرتے ہیں کہ ان کے والدین کو چھین لیا جائے گا۔ ہمارا خدا ہمیں سیکھاتا ہے کہ اجنبیوں پر رحم کریں، کیونکہ ہم سب بھی کسی وقت اس سرزمین پر اجنبی تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے دعائیہ تقریب میں چرچ کے ان خیالات پر کچھ نہیں کہا، تاہم باہر نکل کر جب ایک صحافی نے اس سے متعلق سوال کیا تو انھوں نے کہا کہ یہ زیادہ پُرجوش نہیں تھا، یہ اچھی دعائیہ تقریب نہیں تھی۔ وہ (بشپ) اس سے بہت بہتر کرسکتی تھیں۔
یاد رہے کہ تقریب حلف برداری کے بعد اپنے پہلے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ ہم جنس پرستوں، ٹرانس جینڈرز اور تارکین وطن پر برس پڑے تھے۔ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اب سے امریکا کی سرکاری پالیسی یہ ہوگی کہ صرف دو جنسوں یعنی مرد اور عورت کو تسلیم کیا جائے گا اور یہی ہوش اور عقل کی بات ہے۔ ٹرمپ نے امیگریشن پر پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیدائشی حق شہریت ختم کرنے کی کوشش کروں گا اور لاکھوں غیر ملکی مجرموں کو واپس ان کے ملک بھیجنے کا عمل شروع کر دیں گے۔