اسلام ٹائمز۔ بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ اور چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی امان اللہ خان کاکڑ نے اسلام آباد ہائی کورٹ بار اور لاہور بار ایسوسی ایشن سمیت سول سوسائٹی کی جانب سے 26ویں آئینی ترمیم کو چیلنج کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم آزاد عدلیہ کے خلاف سازش تھی اور عدلیہ کو مکمل طور پر ایگزیکٹیو کے تابع بنایا گیا، جس کے خلاف ملک بھر کے وکلاء نے تحریک کا آغاز کیا۔ اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ راتوں رات ممبران پارلیمینٹ کو اغواء کرکے 26ویں آئینی ترمیم لائی گئی اور ترمیم کو بلوچستان بار کونسل سمیت سپریم کورٹ بار کے سابق صدور، ممبران پاکستان بار کونسل، مختلف سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، خواتین، مزدور تنظیموں نے اس آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا اور فل کورٹ بنانے کا مطالبہ کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ آزاد عدلیہ کیلئے وکلاء تنظیموں کا ملک گیر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ دنوں آل پاکستان وکلاء ایکشن کمیٹی کے چیئرمین منیر اے ملک، علی احمد کرد اور حامد خان سمیت دیگر قائدین نے 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک بھر میں کانفرنس کے ذریعے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا، جو کہ خوش آئند ہے۔ آل پاکستان وکلاء ایکشن کمیٹی نے 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف فل کورٹ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔