اسلام ٹائمز۔ تین جان لیوا کام غیر شرعی قرار دیتے ہوئے علمائے کرام نے فتویٰ جاری کر دیا۔ تین کاموں میں ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی اور ون ویلنگ غیر شرعی قرار دیئے گئے ہیں۔ علمائے کرام نے فتوے میں کہا ہے کہ ہر وہ عمل جو جان کو خطرے میں ڈالے غیر شرعی ہے۔ اسلام انسانی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ علماء کرام کے مطابق ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی، ون ویلنگ جیسے جان لیوا کھیل اسلام میں سخت ممنوع ہیں، "یہ اعمال خودکشی کے مترادف ہیں"، اسلام خود کو ہلاکت میں ڈالنے سے روکتا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کا کہنا ہے کہ پتنگ کی ڈور، ہوائی فائرنگ کئی قیمتی جانیں ضائع کرچکی ہیں، صرف 20 روز میں ون ویلنگ کرنے والے 151 افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پتنگ بازی کرنے پر 150 مقدمات درج کئے جا چکے، ہوائی فائرنگ کے مرتکب 118 ملزمان کو جیل بھیجا جا چکا ہے، پولیس جان لیوا کھیلوں کی روک تھام کیلئے سخت کارروائی جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ والدین سے گزارش ہے کہ وہ بچوں کو غیر قانونی اور غیر شرعی سرگرمیوں سے روکیں۔