اسلام ٹائمز۔ روس میں ایرانی سفیر کاظم جلالی نے آج صدر اسلامی جمہوریہ ایران مسعود پزشکیان کے دورہ ماسکو کا عنوان "ایک معاہدہ و متعدد تعاون" قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں کاظم جلالی نے ایران و روس کے درمیان جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہ جس پر دونوں ممالک کے صدور ولادیمیر پیوٹن اور مسعود پزشکیان کی جانب سے حالیہ دورہ ماسکو کے دوران ہی دستخط کر دیئے جائیں گے، کہا ہے کہ مسعود پزشکیان کا دورہ روس اور اس دوران جامع تعاون و تزویراتی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط؛ مشترکہ مفادات کے حصول، متوازن ترقی اور باہمی احترام کی جانب ایک قدم ہے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ اب ایران نے صرف اور صرف مغربی ممالک کے ساتھ تعاون کی کوششوں سے آگے بڑھتے ہوئے مشرقی افق کو اپنی توجہ و بات چیت کا مرکز بنا لیا ہے۔