0
Tuesday 3 Dec 2024 22:19

منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی کارروائی قابل ستائش ہے، میرواعظ عمر فاروق

منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی کارروائی قابل ستائش ہے، میرواعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے کشمیری سماج کو درپیش گوناگوں مسائل خاص طور پر منشیات کی بڑھتی ہوئی لت پر شدید فکر و تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سماج کی اصلاح اور بہتری کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایک تحریری بیان کے مطابق تاریخی عیدگاہ سرینگر کی مسجد علی ثانی میں ایک بڑے اصلاحی اور دعوتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے اعداد و شمار کی روشنی میں بتایا کہ تقریباً 15 لاکھ افراد منشیات کی لت میں بری طرح ملوث ہوگئے ہیں جو انتہائی سنگین صورتحال ہے اور اس لعنت سے نمٹنے کے لئے متحدہ کوششوں کے بغیر کوئی چارہ کار نہیں ہے۔

میرواعظ عمر فاروق نے انتہائی درد و کرب کے ساتھ ملت کشمیر سے اپیل کی کہ وہ اس سنگین اور نازک مسئلہ کے حل اور انسداد کے لئے متحد ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے جموں و کشمیر میں ہمارے پاس مساجد اور عبادتگاہوں کا ایک وسیع نظام موجود ہے اور ہم انسداد منشیات کی لڑائی میں ان اہم مراکز کو استعمال کرسکتے ہیں۔ اس ضمن میں مقامی مسجد کمیٹیاں اپنے بھر پور تعاون سے اپنے اپنے علاقوں میں منشیات کی لٹ سے نمٹنے کیلئے موثر اور کارگر حکمت عملیوں کو نافذ کرسکتی ہیں۔ میرواعظ عمر فاروق نے منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لئے پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے مثبت کوششوں کی بھی سراہنا کی اور کئی منشیات فروشوں کی حالیہ گرفتاریوں اور ان کی جائیدادوں کی ضبطی کی سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے یہ اقدامات یقینا قابل قدر ہیں اور مجموعی طور پر سماج اور معاشرہ کی فلاح و بہبود کے لئے جو بھی مثبت اور عوامی اقدامات کئے جاتے ہیں ان کی سراہنا کی جائے گی۔ میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ منشیات کی وبا کے خلاف اس قومی اور ملی جنگ میں مذہبی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا زبردست کردار ہے اور ان کے باہمی اشتراک سے ایک فلاحی اور اصلاحی معاشرہ کی تعمیر و تشکیل ممکن ہے۔ اس دوران میرواعظ عمر فاروق جب عیدگاہ مسجد علی ثانی پہنچے تو مقامی آبادی خاص طور پر نوجوانوں نے اپنے قائد کا والہانہ اور پرتپاک استقبال کیا۔
خبر کا کوڈ : 1176426
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش