0
Saturday 19 Oct 2024 19:30

کراچی، چھاپے کے دوران زائد المعیاد اور ممنوعہ ادویات کا بڑا ذخیرہ برآمد

کراچی، چھاپے کے دوران زائد المعیاد اور ممنوعہ ادویات کا بڑا ذخیرہ برآمد
اسلام ٹائمز۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران زائد المعیاد اور ممنوعہ ادویات کا بڑا ذخیرہ تحویل میں لے لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر ممنوعہ، غیر معیاری، غیر رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی تیاری و خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ خفیہ اطلاع ملنے پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع گودام پر ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی گئی، چھاپہ مارکارروائی میں زائد المعیاد اور ممنوعہ ادویات کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا، جن میں برآمد شدہ ادویات میں ملٹی وٹامن سپلیمنٹ، اسکن کنڈیشنر اور اینٹی بائیوٹک ادویات شامل تھیں۔

ممنوعہ، غیرمعیاری اور زائد المعیاد ادویات کی خرید و فروخت میں ملوث ملزم شہزاد آفتاب کی گرفتاری عمل میں آئی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم زائد المعیاد ادویات پر چسپاں تاریخ تبدیل کرکے ان کو دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کرتا تھا۔ برآمد شدہ ادویات کے نمونے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو بھجوا دیئے گئے، جبکہ گرفتار ملزم کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ملزم کی نشاندہی پر مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1167381
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش