0
Saturday 19 Oct 2024 17:11

مسلم حکمرانوں کی بے غیرتی اور بے حسی اسرائیل کو شہ دینے کا باعث بن رہی ہے، ابوالخیر محمد زبیر

مسلم حکمرانوں کی بے غیرتی اور بے حسی اسرائیل کو شہ دینے کا باعث بن رہی ہے، ابوالخیر محمد زبیر
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے اسرائیلی حملے میں حماس کے نئے پولیٹکل بیورو کے سربراہ یحی السنوار کی شہادت پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یحی السنوار حماس کے بڑے نڈر، مجاہد اور جنگجو رہنما تھے، کہا جاتا ہے کہ وہ 7 اکتوبر 2023 اسرائیل پر حملہ کے ماسٹر مائنڈ بھی تھے۔ انہوں نے طویل عرصہ اسرائیلی قید میں گزارا وہ ساری زندگی باطل قوتوں کے خلاف برسر پیکار رہے، اسرائیل کے خلاف ایک موثر اور جذبہ جہاد سے لبریز توانا آواز تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ، حسن نصراللہ اور اب یحی السنوار کی شہادت اسرائیلی بربریت اور ظلم کی انتہا ہے اور اسلامی ممالک کے سربراہان کی بے حسی کا نتیجہ ہے، مسلم حکمرانوں کی بے غیرتی اور بے حسی اسرائیل کو شہ دینے کا باعث بن رہی ہے، یہی وجہ سے اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات بڑھتے جارہے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ مسلم حکمرانوں کی غیرت جاگے اور وہ اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف صدائے حق بلند کریں۔

اُنہوں نے کہا کہ اس میں بھی کوئی شک نہیں ہے کہ یحی السنوار کی شہادت سے حماس کے مجاہدین کو نیا جوش اور ولولہ ملے گا اور وہ مزید قوت کے ساتھ اسرائیل کے خلاف جدوجہد کو تیز تر کریں گے کیونکہ شہادت تو مومن کی آرزو ہوتی ہے، ہمیں امید ہے کہ حماس کی نئی قیادت ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسرائیل کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، نئے جذبہ اور ولولہ کے ساتھ مجاہدین کھڑے ہوں گے، ان کی شہادت اسرائیل کی تباہی کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کیلئے ہر توانا آواز کو دبانے کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے، عالم اسلام کے مسلم حکمرانوں کو اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لینا چاہئے، اسرائیل کے مکروہ عزائم عالم اسلام کیلئے خطرے کی گھنٹی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1167354
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش