0
Thursday 3 Oct 2024 23:05

جامعہ نجف سکردو میں شہید حسن نصر اللہ کی یاد میں قرآن خوانی اور مجلس ترحیم

جامعہ نجف سکردو میں شہید حسن نصر اللہ کی یاد میں قرآن خوانی اور مجلس ترحیم
اسلام ٹائمز۔ سید مقاومت، شہید راہ قدس سید حسن نصر اللہ کی یاد میں جامعۃ النجف سکردو میں قرآن خوانی اور مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔جامعۃ النجف میں منعقدہ قرآن خوانی اور مجلس ترحیم میں علماء، جامعہ کے طلباء و اساتذہ نیز یونیورسٹی اور کالج کے طلباء نے شرکت کی۔ مجلس ترحیم سے جامعہ ھذا کے وائس پرنسپل شیخ احمد علی نوری نے خصوصی طور پر خطاب کیا۔ شیخ احمد علی نوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہادت سے مقاومتی تحریک ہرگز کمزور نہیں ہوگی۔ کیونکہ یہ تحریک ایک مضبوط نظریاتی بنیادوں پر استوار ہے۔ اس تحریک کا جب ایک علمدار چلا جاتا ہے تو دوسرا علمدار پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھ کر علم کو تھام لیتا ہے۔ آپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ احادیث کی رو سے ہمیں خدا شناس، نعمت شناس، فرض شناس اور دشمن شناس ہونا چاہئے۔
 
انہوں نے کہا کہ شہید کی ایک اہم خصوصیت یہ تھی کہ وہ تمام طاقتوں کا سرچشمہ خدا کی ذات کو سمجھتے تھے۔ اسی وجہ سے حزب اللہ کو استکباری سپر طاقتوں کے مقابلے میں آنے کی ہمت اور طاقت اسی الٰہی طاقت کے باعث آئی۔ فقط حزب اللہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اسرائیل کو شکست فاش سے دوچار کیا۔ اندلس میں مسلمانوں کی شکست کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اندلس فتح کرنے کے لیے جب ماہرین کی رائے لی گئی تو بتایا گیا کہ جب تک ان مسلمانوں میں شہادت کا جذبہ پایا جاتا ہے اس وقت تک ان کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ شہید سید حسن نصر اللہ ہمیشہ اس فکر میں رہتے تھے کہ خدا مجھ سے کیا چاہتا ہے۔ آپ نے کبھی اپنی قوم کو تنہا نہیں چھوڑا۔ کفر ہمیشہ آپ کی وجہ سے خوفزدہ رہتا تھا۔ 
 
رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کے بعد سب سے زیادہ دشمن شناس شہید سید حسن نصر اللہ تھے۔ فکری و نظریاتی دنیا میں شہید سید حسن نصر اللہ بہترین رول ماڈل تھے، رول ماڈل ہیں اور رول ماڈل رہیں گے۔ آخر میں مقاومتی بلاک کی فتح یابی، اسرائیل کی ابدی نابودی، شہید قدس سید حسن نصر اللہ اور ان کے ساتھیوں کی بلندی درجات، شرکاء مجلس کو ان کے پاکیزہ اہداف کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی توفیق ملنے اور ولی امر المسلمین آیت اللہ العظمی سید علی حسینی خامنہ ای کو دشمنوں کے شر سے محفوظ و سلامت رکھنے کی دعاوں کے ساتھ مجلس ترحیم اپنے اختتام کو پہنچی۔
خبر کا کوڈ : 1164197
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش